پیرس: فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے اسرائیل سے غزہ کے لیے فوری طور پر راہداری کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانسیسی صدر نے اسرائیل سے غزہ کی راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فوری انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے اور یہ لاکھوں زندگیوں کا سوال ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے لیے راہداری کا کھلنا اب ناگزیر ہوچکا ہے۔ سرحد پر خوراک کا ڈھیر ہے۔ جو غزہ میں داخلے کی اجازت کے منتظر ہیں۔ بچے بھوک سے مر رہے ہیں لیکن خوراک کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
ایمانوئل میکرون نے کہا کہ غزہ جنگ بندی کے بعد بھی وہاں صورتحال اب بھی انتہائی نازک ہے۔ ہم اپنے یورپی، عرب اور امریکی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس بات پر زور دیتے ہیں۔ کہ انسانی امداد، خوراک اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے غزہ کے راستے فوری طور پر دوبارہ کھولے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ فرانس فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن سفارتی اور عملی کوششوں میں شریک رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاتھ جوڑو، معافی مانگو ورنہ انجام بھگتو، بی جے پی رہنما کی غنڈہ گردی کی ویڈیو وائرل
واضح رہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی امدادی تنظیمیں خبردار کرچکی ہیں کہ غزہ میں امدادی سامان ختم ہونے کے قریب ہے۔ اور مستقل جنگ بندی کے بغیر شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
