غزہ کے لیے امداد لے جانے والی کشتیوں کے قافلے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار اور اس وقت اسرائیلی افواج کی قید میں موجود سویڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ(greta thunberg) کی ویڈیو اسرائیل نے جاری کردی ہے۔
اسرائیلی وزارتِ خارجہ کی جانب سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری اس ویڈیو میں گریٹا تھنبرگ کو دکھایا گیا ہے جنہیں حال ہی میں اسرائیلی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔
وزارتِ خارجہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شیئر کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ گریٹا تھنبرگ اور ان کے ساتھیوں کو اسرائیلی پورٹ منتقل کیا جا رہا ہے۔
View this post on Instagram
گریٹا تھنبرگ کون ہیں؟
2003 میں اسٹاک ہوم میں پیدا ہونے والی گریٹا تھنبرگ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اپنی جرات مندانہ آواز کے باعث عالمی سطح پر پہچانی جاتی ہیں۔
صرف 15 برس کی عمر میں انہوں نے سویڈن کی پارلیمنٹ کے باہر اسکول چھوڑ کر احتجاج شروع کیا اور عالمی رہنماؤں کو موسمیاتی تبدیلی کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا چیلنج دیا۔ ان کے اسی جذبے نے انہیں کم عمری میں عالمی تحریک کی علامت بنا دیا۔
گریٹا تھنبرگ کو ایسپرجر سنڈروم کی تشخیص بھی ہوئی تھی، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی بھرپور اور براہِ راست اندازِ گفتگو سے دنیا بھر میں موسمیاتی تحریک کی نمایاں آواز بن گئیں۔
ماحولیاتی تحریک کے ساتھ ساتھ گریٹا فلسطینی عوام کے حق میں بھی آواز بلند کرتی رہی ہیں اور مختلف مظاہروں میں فلسطین کی حمایت کر چکی ہیں۔ غزہ کے لیے حالیہ امدادی قافلے میں ان کی شرکت کو اسی تسلسل کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
گریٹا کو ماضی میں متعدد عالمی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، اور اب ان کی جدوجہد ماحولیاتی تبدیلی سے لے کر فلسطینی عوام کے حقوق تک پھیلی ہوئی ہے۔ ان کا عزم اور ثابت قدمی بلاشبہ دنیا بھر کے کارکنوں کے لیے ایک مثال ہے۔
گلوبل صمود فلوٹیلا کے گرفتار 450 کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ
