الیکشن شفاف نہ ہوئے تو عوام قبول نہیں کریں گے، سراج الحق


کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے کراچی کو تباہ کردیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) بھی کچھ نہ کرسکی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مرتبہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو عوام اسے قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے اس شہر کو بدامنی، چوری اور قتل وغارت کے سوا کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ کراچی کے عوام ایم ایم اے پراعتماد کرکے ہمارا انتخاب کریں گے کیونکہ  واحد ایم ایم اے ہی کراچی کے مسائل حل کرسکتی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا  کہ ہم ملک کا مستقبل بنائیں گے اور ان تمام لوگوں کا احتساب کریں گے جنھوں نے  قوم کو لوٹا ہے۔ انہوں نے زرر دے کر کہا کہ  پانامہ لیکس میں شامل تمام افراد کا احتساب ہونا چاہیے اور ہم اس وقت تک ان کا پیچھا کریں گے جب تک انہیں سزا نہ دلوا دیں۔

متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما سراج الحق نے کہا کہ  آج تک برسراقتدار رہنے والی جماعتوں نے فلسطین  اور کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی، قوم کی بیٹی امریکا میں قید ہے۔ ہمارا وعدہ ہے کہ ہم قوم کی بیٹی کو واپس لے کر آئیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میں عوام سے کہتا ہوں کے 25 جولائی کو ان سانپوں کے دانت توڑنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں