وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی پراپیگنڈے اور مزموم سازشوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کیلئے سفارتی وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیرِ اعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا اور بھارتی پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے تشکیل کردہ وفد کی قیادت سونپی۔
ڈاکٹر مصدق ملک، انجینئیر خرم دستگیر، سینیٹر شیری رحمن، حنا ربانی کھر، فیصل سبزواری، تحمینہ جنجوعہ اور جلیل عباس جیلانی وفد میں شامل ہیں۔
وفد لندن، واشنگٹن، پیرس اور برسلز میں خطے میں بھارت کے پراپیگنڈے اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی کوششوں کو بے نقاب کرے گا۔
وفد پاکستان کی خطے میں امن قائم رکھنے کیلئے کوششوں کو اجاگر کرے گا۔
پرامن قوم ہیں ، ہم سے ٹکرانے والوں کو کاری جواب ملےگا ، بلاول بھٹو
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی جانب سے آج مجھ سے رابطہ کیا گیا ہے، جس میں انہوں نے مجھ سے درخواست کی ہے کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں۔
یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں مزید کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مجھ سے درخواست کی ہے کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے دنیا میں پاکستان کا امن کا مؤقف پیش کروں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا ہے کہ مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمے داری قبول کرنے پر فخر ہے، میں ان مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کے لیے پُرعزم ہوں۔