مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔

آج کشمیر، شمال اورمشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان، جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پرتیز ہواؤں ا ورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنے انتباہ میں کہا ہے کہ آج سے 12مئی کے دوران آندھی،جھکڑ، ژالہ باری،گرج چمک اور موسلادھار بار ش کی وجہ سے کمزور انفرا سٹرکچر (بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔

پاکستان ریلویز کا ٹرین آپریشن معمول کے مطابق جاری

مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، میانوالی، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، جھنگ، ملتان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چترال، شانگلہ، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، باجوڑ، صوابی، مردان، چارسدہ، خیبر، کرک، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، وزیرستان اور کرم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ، چمن، زیارت، بارکھان، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، خضدار، قلات، خاران، لسبیلہ اور پنجگور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ عمر کوٹ، تھرپارکر، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور میرپور خاص میں چند مقامات پر تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران کشمیر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔


متعلقہ خبریں