پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی جارحیت سے ہونے والی شہادتوں کی تفصیلات بتا دیں۔
ان کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر احمد پور شرقیہ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں تین برس کی دو بچیاں، سات خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔
اس واقعے میں 37 افراد زخمی ہوئے، جن میں 9 خواتین اور 28 مرد شامل ہیں، مظفر آباد کے قریب واقع مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین شہادتیں ہوئیں جبکہ ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوئے۔
بزدلانہ حملے میں 26 شہری شہید، بھارت کی غلط فہمی کو دور کر دیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر
کشمیر کے شہر کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، جس سے 16 سال کی لڑکی اور 18 سال کا لڑکا شہید ہوئے، اس حملے کے نتیجے میں ایک ماں اور بیٹی زخمی ہوئے ہیں۔
صوبہ پنجاب کے شہر مریدکے میں مسجد ام القرہ کو نشانہ بنایا گیا، جہاں تین مرد شہید ہوئے جبکہ ایک زخمی ہے۔ سیالکوٹ اور شکر گڑھ میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پانچ شہری شہید ہوئے، جن میں پانچ سال کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔