راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے 6 مقامات پر 24 بزدلانہ حملے کیے۔ حملوں میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے جنگی صورتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 6 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے۔ بھارتی حملے کے بعد 2 ایٹمی قوتیں آمنے سامنے آ گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں بلااشتعال جارحیت کی۔ احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا گیا۔ جس میں 5 پاکستانی شہید ہوئے۔ مظفر آباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان دفاع کا حق رکھتا ہے، کسی سے کمتر نہ سمجھا جائے، وفاقی وزیر اطلاعات
میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مظفر آباد میں شاہی والی میں 7 حملے ہوئے۔ جس میں ایک مسجد بھی شہید ہوئی۔ کوٹلی میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔ جہاں 2 شہری شہید ہوئے۔ جس میں ایک 16 سالہ لڑکی اور ایک لڑکا شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریدکے میں مسجد ام القرء کو نشانہ بنایا گیا۔ یہاں چار اسٹرائیکس ہوئیں جس میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا۔ جبکہ یہاں سے 2 لوگ لاپتہ ہیں۔ شکر گڑھ میں بھی دو حملے ہوئے۔ تاہم یہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سیالکوٹ کے شمال میں واقع علاقے کو ٹارگٹ کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول میں گزشتہ روز میڈیا اور انٹرنیشنل میڈیا کو لے جایا گیا تھا۔ اور بھارت کی جانب سے بلاجواز لگائے گئے الزامات کو ان کے سامنے کھول کر رکھا گیا۔ بھارتی حملے میں جہاں پر معصوم پاکستانیوں اور معصوم جانوں کا نقصان کیا گیا۔ وہاں میڈیا اور انٹرنیشنل میڈیا کو لے جایا جائے گا۔