واشنگٹن: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیرخطے میں امن ممکن نہیں ہے۔
رضوان سعید شیخ نے معروف امریکی جریدے “نیوز ویک” کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی صدرٹرمپ اوران کی انتظامیہ سے توقع ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بامعنی کردار ادا کریں گے۔
بھارت کا رویہ خطے کیلئے خطرہ، اقوام متحدہ میں پاکستان کی او آئی سی کو بریفنگ
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جنگوں کے خاتمے اورعالمی امن کے قیام کی خواہش خوش آئند ہے اورموجودہ حالات میں کشمیر جنوبی ایشیا میں دو جوہری طاقتوں کے درمیان سب سے بڑا فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اوراس کا مؤقف ہمیشہ دوٹوک اور واضح رہا ہے۔
بھارت کا بغیر ثبوت پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا غیرمنطقی اور بدنیتی پرمبنی ہے اور پہلگام واقعہ فالس فلیگ آپریشن کی ایک اورمثال ہے، بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بین الاقوامی معاہدوں کیخلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان لڑنا نہیں چاہتا بلکہ وقارکیساتھ امن کا خواہاں ہے لیکن قومی وقاراورسلامتی کیلئے ہرقربانی دینے کوتیارہے، پاکستان اپنی جغرافیائی حیثیت کوبروئے کارلاتے ہوئے معاشی ترقی پرتوجہ مرکوزکررہا ہے۔