اسلام آباد: امریکی اخبار نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں رواں ہفتے گرمی کا عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں ہفتے جنوبی ایشیا میں گرمی 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے عالمی ریکارڈ تک پہنچ سکتی ہے۔ پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ کے ضلع نواب شاہ میں 2018 اپریل میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک گیا تھا۔ جو ایشیا میں گرمی کا ایک ریکارڈ تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد نے محفوظ ترین شہروں میں دنیا کے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی/جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے، اس دوران میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔ رات میں چاغی، نوشکی، خضدار، بیلہ اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں تیزہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
یکم مئی بروز جمعرات سے محکمہ موسمیات نے پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔