اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان پرحملے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، بھارت کی کسی بھی جارحانہ کارروائی کا پاکستان بھرپور جواب دے گا۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے رات گئے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کوئی اقدام اٹھایا تو وہ خطے میں امن کیلئے سنگین خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔
ہم پہل نہیں کریں گے مگر بھارت نے کچھ کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائےگا، اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن کسی بھی مہم جوئی یا جنگی اقدام کا جواب قومی وقار کے ساتھ دیا جائیگا، انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو اس کے نتائج کا مکمل ذمہ دار وہ خود ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل الرٹ ہیں اورملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے تیار ہیں، پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا ہرقیمت پر دفاع کرے گی۔
پاک فوج نے پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے آڈیو،ویڈیو ثبوت پیش کردئیے
عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت کا خطے میں مدعی، منصف اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتے ہیں، پاکستان دُنیا میں کسی بھی شکل میں دہشتگردی کی سخت مذمت کرتا ہے،پہلگام حملے کے بعد پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہونے کا ثبوت دیا۔
بھارت کو سچائی کا پتہ لگانے آزادانہ اورغیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، بدقسمتی سے بھارت نے تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا، بھارتی عمل خطے اور دنیا میں تباہ کن نتائج کا باعث ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیرجانبدارانہ تحقیقات سے فراربھارت کے اصل مقاصد کو بے نقاب کرنےکا بڑا ثبوت ہے۔