اسلام آباد کے راول ڈیم میں پانی کی سطح میں بارشوں کے باوجود خاص اضافہ نہ ہو سکا۔
محکمہ ایری گیشن کے مطابق ڈیم میں پانی کی مجموعی استعداد 1700.30 فٹ ہے جب کہ موجودہ پانی کی مقدار ایک ہزار452 فٹ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بارشیں نہ ہونے کی صورت میں بھی جڑواں شہروں کو 6 ماہ تک بلا تعطل پانی کی سپلائی ممکن ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، بالائی/وسطی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اورگلگت بلتستان میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 20 اپریل کی صبح تک آندھی، تیز ہوائیں، ژالہ باری،گرج چمک اور موسلادھار بارش کی وجہ سے کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبے، درخت، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دیں گے، وزیراعظم
مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، لیہ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، جھنگ، لاہور، قصور، بھکر، فیصل آباد، سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
زیارت، کوئٹہ، چمن، خضدار، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور گرد و نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔