بارش اور برفباری یکم جنوری سے 6 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی

بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے یکم جنوری سے 6 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم شمال مغربی بلوچستان، بالا ئی خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کی تو قع ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ شام یا رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔

بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات بلوچستان میں داخل ہونگی، جس کے باعث صوبے کے 18اضلاع میں دو سے چار جنوری تک بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

ملک میں شدید دھند، مختلف مقامات سے موٹرویز بند 

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جو 6 جنوری تک ملک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔ ان ہواؤں کی وجہ سے یکم جنوری سے 4 جنوری کے دوران بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، خضدار، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 18اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کوہر قسم کی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی ہدایات کی ہیں،سیاحوں کو 2 سے 4 جنوری تک صوبے کے پہاڑی علاقوں میں سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ رات سے بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔دو جنوری سے پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق  6 جنوری تک مری  اور  گرد و نواح میں برفباری کے امکانات ہیں۔ مری میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے سیاحوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔

مری کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لئے انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ سیاحوں کی رہنمائی اور تحفظ کے لئے موجود رہے گی۔  ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں جنوری کے پہلے ہفتے کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں، برفباری کا یہ سلسلہ آج یکم جنوری سے 6جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، یکم جنوری سے 5جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

 نیا سال تبدیلی کا سال، ہم رہیں گے یا یہ رہیں گے، گنڈاپور

الرٹ کے مطابق باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں،کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام بجلی کے تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں، کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں