شعیب ملک : ٹی 20 میچوں کی سنچری مکمل کرلی

شعیب ملکی کی ٹی 20 میچز کی سنچری مکمل | urduhumnews.wpengine.com

ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نےسہ ملکی سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف اپنا سوواں میچ کھیل کر ٹی 20 میچز کی سنچری مکمل کرلی ہے۔

پاکستان کے ٹاپ آل راؤنڈرز میں سے ایک شعیب ملک اپنے سوویں ٹی 20 میچ میں قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 13 رنز ہی بنا سکے۔

1999 سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے آل راؤنڈر نے پاکستان کے لیے 100 ٹی 20 میچ کھیل کر 2021 رنزبنائے اور  25 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شعیب ملک نے اتوار کے دن زمبابوے کے خلاف میچ  میں اپنے ٹی 20 کیریئر کے دو ہزار رنز مکمل کیے تھے۔ انہوں نے حریف ٹیم کے خلاف 37 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 74 رنز سے شکست دی تھی۔

شعیب ملک بین الاقوامی ٹی 20 کیریئر میں دو ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے پہلے اور دنیا کے تیسرے کھلاڑی ہیں اس سے قبل نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور برینڈن میک کولم بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ الیون میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں