22 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 20 جولائی تک مکمل ہو گی


اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی طباعت دوسرے روز بھی جاری ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا  کہنا ہے کہ 22 کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی 20 جولائی تک مکمل کر لی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق یہ بیلٹ پیپرز 85  ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر بروقت پہنچائے جائیں گے، ان  کے لیے استعمال ہونے والے کاغذ کی بیرون ملک سے درآمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کی نگرانی کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں  تشکیل  دی گئی ہیں جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرکارروائی کر سکیں گی، الیکشن ایکٹ 2017  کے مطابق  پولنگ ڈے سے 48 گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم ہو جائے گی۔

بیلٹ پیپرز کی طباعت کرنے والی پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے  ہیڈ کواٹرز کی سیکیورٹی فوج  نے سنبھال رکھی ہے اور غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند  ہے جبکہ ملازمین کے موبائل فونز اندر لے جانے  پر بھی پابندی عائد ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے بتایا تھا کہ یہ ملکی تاریخ کے مہنگے ترین بیلٹ پیپرز ہوں گے اور ان کی طباعت پر دو ارب روپے سے زیادہ رقم خرچ ہو گی، ان کی خاصیت یہ ہے کہ ان  پر واٹر مارک موجود ہو گا۔


متعلقہ خبریں