پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسرائیلی مفادات کے تحفظ کے لیے ہی پاکستانی سیاست میں لانچ کیا گیا تھا، اسرائیلی اخبار نے مہرِ تصدیق لگا دی ہے۔
طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمائما گولڈ اسمتھ آج بھی ہر مشکل میں بانی پی ٹی آئی کی مدد کرتی ہیں، گولڈ اسمتھ خاندان ہی آکسفورڈ یونیورسٹی کے الیکشن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسرائیلی مفادات کے تحفظ کے لیے بانی پی ٹی آئی کو لیڈر بنایا گیا اور فنڈز دئیے گئے۔
اسرائیلی اخبار نے عمران خان کو پاک اسرائیل تعلقات قائم کرنے کیلئے موزوں ترین شخص قراردیدیا
انہوں نے کہا کہ آج کل پھر جلسے کاشور ہے اور بار بار جلسہ جلسہ کی آوازیں سن رہے ہیں، پی ٹی آئی میں کئی گروپ کئی دھڑے ہیں، کئی لوگ ایسے ہیں جو اس پر قبضہ اورچوہدراہٹ قائم کرنا چاہتے ہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ دن رات رنگ برنگی بولیاں بولی جاتی اور بڑھکیں ماری جاتی ہیں اور پھر جھاگ کی طرح بیٹھ جاتے ہیں، ان کا مقصد صرف اپنا دکھاوا، رنگ بازی اور شعبدہ بازی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اگر آپ نے جلسہ کرنا ہے تو سو بسم اللہ، بے شک روز جلسہ کریں لیکن آئین اور قانون کے دائرہ میں رہ کر کریں۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں پہلے جلسے منعقد کرنے کا قانون موجود نہیں تھا، اب اسمبلی نے ایک نیا قانون پاس کر دیا ہے، اس کے مطابق پر امن جلسہ کرنا ہر کسی کا حق ہے،پر امن جلسہ کے حوالہ سے انتظامیہ سہولیات فراہم کریگی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ پرامن جلسہ کے انعقاد کیلئے پوری مدد فراہم کی جائیگی۔ مگر شرط یہ ہے کہ وہ قانون اور آئین کے مطابق ہو، جو پاس کیاگیا ہے اور اگر کوئی قانون اور آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا تو قانون کے مطابق اسکی سزا بھی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی متوقع
طلال چوہدری نے کہا جلسہ ضرور کریں لیکن انتشار نہیں، جلسہ کریں لیکن جلسے کے نام پر بار بار جلسہ جلسہ کہہ کر لوگوں کو یہ مت بتائیں کہ آپکو انتظامیہ جلسہ نہیں کرنے دے رہی۔
انتظامیہ اور حکومت بالکل کلیئر ہے کہ قانون کے مطابق آپ ایک نہیں سوجلسے کریں، مگر یہ قانون سے ہٹ کر اپنی من مانی سے جس طرح پہلے اسلام آباد کو آگ لگاتے رہے ہیں، دھرنے دیتے رہے ہیں، وہاں پر آکر ایک شور برپا کرتے رہے ہیں اور اسلام آبادکا کاروبار بند کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں وہ اب نہیں ہوگا، اس وقت یہ جلسہ کرنے کی بجائے رنگ بازی اور شعبدہ بازی کر رہے ہیں۔