جن رشتوں کو آپ خود سے بڑھ کر چاہتے ہیں، وہ دھوکہ دیں تو یقینا دل میں ہوتی ہے”ایک چبھن سی“۔
اس وقت پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے زیادہ تر ڈرامے محبت، ایکسٹرا میریٹل افیئرز اور نوجوان بچوں کے گھر سے بھاگ جانے کے گرد گھوم رہے ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسے موضوعات پر مشتمل ڈراموں کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
چینلوں کو برا بھلا کہنے کے باوجود ایسے ڈراموں کی ریٹنگز زیادہ آتی ہیں تاہم معاشرتی اور گھریلو مسائل کو اجاگر کرنے والے ڈرامے اگر بہتر انداز میں پیش کئے جائیں تو اپنی جگہ بناہی لیتے ہیں۔
حجاب کا مطلب صرف سر چھپانا نہیں، نمرہ خان
ایسے ہی ڈراموں میں ایک ڈرامہ ”ایک چبھن سی“ ہم ٹی وی سے پیش کیا جارہا ہے۔ یہ ڈرامہ خونی رشتوں کی آپسی محبت، خودغرضی، اپنے مقصد کے حصول کیلئے دوسروں کو برباد کرنے کی داستان ہے جہاں ایک خودپسند، لالچی، ڈھیٹ اور خودغرض لڑکی اپنے چاہنے والے رشتے داروں کی بربادی کا سبب بن جاتی ہے۔
ڈرامے کو تحریر کیا ہے رخسانہ نگار نے، ڈائریکٹر ہیں محسن طلعت جبکہ یہ پروڈکشن ہے مومل پروڈکشنز کی ہے جسے ہر پیر کی رات 8 بجے پیش کیا جاتا ہے۔ ڈرامے کے نمایاں ستاروں میں سونیا حسین، سمیع خان، حرا خان، فہدشیخ، اسما عباس اور جاوید شیخ شامل ہیں۔
کہانی کے مرکزی کردار نائلہ (سونیا حسین) اور ہارون (سمیع خان) ہیں۔ ہارون ایک سیلف میڈ اور گھریلو انسان ہے جو اپنی بیوی اور بچوں سے بہت پیار کرتا ہے۔ ماہین المعروف ماہی (حرا خان) نائلہ کی چچازاد بہن ہے جو چچاکے انتقال کے بعد اپنی خالہ کے گھر رہنے پر مجبور ہے۔
لالچی طبع ماہی خالہ کی روک ٹوک سے بیزار ہے اور وہاں سے نکلنے کے طریقے سوچتی ہے، خالہ زاد بہنوں سے عناد، خالہ زاد معیذ (فہد شیخ) کی محبت سے بیزار ماہی اپنی خالہ زاد بہن کا ہونے والا رشتہ اپنی غلط بیانی سے تڑوانے کے بعد وہاں سے نکلنے اور نائلہ کے گھر تک پہنچنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔
نائلہ کی شان و شوکت اور ہارون سے اس کا پیار اسے حسد میں مبتلا کر دیتا ہے، وہ اپنی چالوں کے ذریعے ہارون کے قریب ہونے کی کوشش کرتی ہے اور وہ ہارون جو ماہم کا نام بھی سننے کا روادار نہ تھا بہک جاتا ہے۔
ماہم کی خالہ نائلہ کو سمجھانا چاہتی ہیں لیکن نائلہ بہن کی محبت میں کسی بات پر کان نہیں دھرتی۔ وہ صاف ذہن و دل کی مالک ہے، ماہین کا چہرہ بار بار سامنے آتا ہے لیکن نائلہ کی آنکھیں نہیں کھلتیں اور جب آنکھیں کھلتی ہیں تو بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔
بیوی کی اپنی جانب سے لاپرواہی اور وزن میں اضافہ ہارون کو اس کی جانب سے لاپرواہ اور ماہین کے قریب کردیتا ہے اور پھر مسائل بڑھتے جاتے ہیں۔
یہ بظاہر ایک گھریلو کہانی ہے، اس میں بھی سالی کے اپنے بہنوئی کیساتھ روابط دکھائے گئے ہیں لیکن یہ کہانی ہمیں کئی سبق دیتی ہے، اول یہ کہ اگر ماں کا انتقال ہو جائے تو بیٹیوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے، ماں نہ ہونے پر بیٹیوں سے بے جا نرمی کے مظاہرے سے بعض اوقات منفی نتائج سامنے آتے ہیں۔
عامر خان کی فلم ستارے زمین پر 20 دسمبر 2024 کو ریلیز ہوگی
دوسری بات اگر بیٹی یا بیٹے میں کوئی خامی نظر آئے تو اس کی فوری اصلاح ضروری ہے، اس میں غیر ضروری تاخیر خطرناک ہوسکتی ہے۔ تیسرا نکتہ نظر یہ ہے کہ ہمارے ہاں عمومی طور پر شوہر حضرات بیوی کو بنا سنورا دیکھنا چاہتے ہیں، جہاں بیوی کسی بھی وجہ سے خود پر توجہ دینا بھول بیٹھتی ہے وہیں شوہر کی نگاہیں کسی اور کی متلاشی ہو جاتی ہیں۔ ایک نکتہ یہ بھی ہے کہ نامحرم کو بلاوجہ اپنے گھر میں رکھنا تباہی کا باعث ہو سکتا ہے۔ آپ خواہ کتنے بھی اچھے ہوں دوسرے کے دل میں جھانک کر نہیں دیکھا جا سکتا۔
”اک چبھن سی“ کی سترہ اقساط منظر عام پر آچکی ہیں، ہارون اور ماہین ایک دوسرے کے قریب آچکے ہیں اور اس بات کا اندازہ نائلہ کو بھی ہوچکا ہے۔ آنے والی قسطیں مزید سنسنی خیز ہوں گی اور یقیناً اچھا ڈرامہ دیکھنے والے اس ڈرامے سے لطف اندوز ہوں گے۔