اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اختر مینگل کا استعفی اپنی سیاست کو بچانے کے لیے ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے چیئرمین اختر مینگل کا استعفی اپنی سیاست کو بچانے کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختر مینگل وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی رہے اور حکومت میں بھی رہے، اتحادی بھی بنے۔
یہ بھی پڑھیں: معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہوا تو پورا ملک بند ہو گا، حافظ نعیم الرحمان
خورشید شاہ نے کہا کہ اختر مینگل کے پاس اپنی سیاست کو بچانے کے لیے یہی راستہ تھا۔ استعفی دے کر وہ یہ بتا رہے ہیں کہ میرے جیسا چمپیئن کوئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ بلوچوں کو حل کرنا پڑے گا۔ حکومت کو بھی یہ سوچنا پڑے گا کہ بلوچوں کا مسئلہ کیسے حل ہو۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ بلوچستان پرامن صوبہ تھا۔ حالات اور وقت نے اس صوبے کو متاثر کیا ہے۔ لوگوں کو بلایا بھی گیا اور معافیاں بھی دی گئیں۔ مارا بھی گیا لیکن اب بلوچوں کو اعتماد نہیں رہا اور اب وہ اعتماد قائم کرنا ہے۔