مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔
ملک کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 4 فیصد کی کمی ہوئی ہے، جاری مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 14 فیصد جبکہ درآمدات میں 6 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ (جولائی تااگست) میں ملک کے تجارتی خسارہ کا حجم 3.578 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 3.735 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اگست میں تجارتی خسارہ کا حجم 1.675 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جو لائی کے مقابلہ میں 12 فیصد اور گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 21 فیصد کم ہے،جولائی میں پاکستان کے تجارتی خسارہ کا حجم 1.904 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 2.108 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پاکستان کی ای کامرس آمدنی 5.2 بلین ڈالر تک پہنچ گئی
اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی برآمدات کا مجموعی حجم 5.050 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں برآمدات سے ملک کو4.430 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا،اگست میں ملکی برآمدات کا حجم 2.743 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جو لائی کے مقابلہ میں 19 فیصد اور گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 16 فیصد زیادہ ہے،جولائی میں ملکی برآمدات کا حجم 2.307 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 2.366 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملکی درآمدات کا حجم 8.628 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 8.165 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
اگست میں ملکی درآمدات پر 4.418 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو جولائی کے مقابلہ میں 5 فیصد زیادہ اور گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں ایک فیصد کم ہے، جولائی میں پاکستان کی مجموعی برآمدات کا حجم 4.211 ارب ڈالر اور گزشتہ سال اگست میں 4.474 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔