وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور پاکستان دشمنوں سے بات چیت نہیں ہو گی، امن کی خاطر دی گئی شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آرمی چیف اور سیاسی قیادت اس خطرناک مرحلے کو عبور کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قابل افسران کا اضلاع اور تحصیل میں ہونا ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے افسران بلوچستان آنے سے کتراتے ہیں اور بہانے بناتے ہیں۔اس حوالے سے ہم نے ایک پالیسی بنائی ہے، اس پالیسی پر عمل ہوگا تو پھر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ورنہ وہ پالیسی فیل ہوجائے گی، اگر ہم اس پالیسی پر ایک پیج پر ہیں تو اس پالیسی کا یہاں اعلان کرنا چاہتا ہوں۔
پنجاب حکومت نے پنشن رولز کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کردیا
انہوں نے کہا کہ 48 کامن ٹریننگ کے افسران کی بلوچستان میں تعیناتی کی جائے گی، 48 کامن گروپ کے آدھے افسران کی تعیناتی فوری طور پر کی جائے گی جو ایک سال کے لیے ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ 48 کامن کے باقی افسران کی تعیناتی 6 ماہ بعد ایک سال کے لیے کی جائے گی، تیسرے مرحلے میں 49 کامن گروپ کے آدھے افسران کی بلوچستان میں تعیناتی ایک سال کے لیے کی جائے گی اور چوتھے مرحلے میں ڈیڑھ سال بعد 49 گروپ کے بقیہ افسران کو ایک سال کے لیے تعیناتی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے اور اس پر عمل درآمد ضروری ہے جب کہ ان افسران کو اضافی مراعات بھی دی جائے گی جس میں ان کے اہلخانہ سمیت ایئرٹکٹس بھی شامل ہیں اور انہیں ان کی سروس کے دوران ایکسٹرا پوائنٹس بھی دیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں سے رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پاکستانی پرچم کو سلام کرنے والوں سے مذاکرات کرنا فرض ہے، دہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ترقی کے لیے ناگزیرہے، دہشت گردوں، پاکستان دشمنوں سے کوئی ڈائیلاگ نہیں ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کا خاتمہ ملک کی خوشحالی کے لئے ضروری ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے، بلوچستان میں قیام امن کیلئے سب کو کردارادا کرنا ہوگا، دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن نہیں چاہتے کہ بلوچستان کی ترقی ہو، وہ نہیں چاہتے سی پیک کا منصوبہ چلے، وہ پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں، دھرنا دینے والوں کو خوشحالی کی فکر ہوتی تو گوادر بہترین منصوبہ ہے تاہم دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانا ہمارا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دیں، پاکستان معیشت کو اس جنگ سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
وزیراعلی کی ہدایت پر بجلی بلوں میں 14روپے فی یونٹ ریلیف ملنا شروع
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کی راہ کی رکاوٹیں ختم کرنی ہیں، شہدا کا لہو ضائع نہیں جائیگا، آرمی چیف، سیاسی قیادت اس خطرناک مرحلے کو عبور کریں گے، بلوچستان میں قیام امن کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2018 کے بعد دہشتگردی دوبارہ سر اٹھار رہی ہے، ہم دہشتگردی کا سر کچل دیں گے، انشااللہ دہشتگردی کا خاتمہ کریں گے، ملک کی خوشحالی کے لیے دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے۔