تونسہ شریف میں خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام، 2 دہشتگرد ہلاک

Punjab Police

لاہور: پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان تونسہ شریف میں خوارجی دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔ مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او صادق برمانی اور پولیس اہلکار مضمر نذیر زخمی ہو گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے پنجاب میں دہشتگردوں کے داخلے کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ ایس ایچ او وہوا نے ٹیم کے ہمراہ ان خوارجی دہشتگردوں کا تعاقب کیا۔ پولیس کو دیکھ کر موٹر سائیکل سوار دہشتگرد ہینڈ گرنیڈ اور دیگر بھاری اسلحہ سے حملہ آور ہوئے۔

ہینڈ گرنیڈ اور فائرنگ سے بلٹ پروف گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ بلٹ پروف گاڑی، ہیلمٹ اور جیکٹس سے لیس پولیس کے جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن اور ڈی پی او سید علی فوری موقع پر پہنچ گئے۔

دوسری جانب خیبر پختونخواہ سرحد پر واقع چیک پوسٹوں پر دہشتگردوں کے 4 حملے ناکا م ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی،کارساز واقعے کی تفتیش کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

ترجمان پولیس کے مطابق دہشتگرد پنجاب کے اندر کسی تھانے یا دیگر حساس مقام پر دہشتگردانہ کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر پنجاب خیبرپختونخوا سرحد پر موجود چیک پوسٹس ہائی الرٹ تھیں۔

آر پی او ڈی جی خان نے ڈی پی او کے ہمراہ تحصیل اسپتال تونسہ کا دورہ کر کے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ آئی جی پنجاب کی دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کرنے اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس جوانوں کو شاباشی بھی دی۔

آئی جی پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس اور تمام ادارے الرٹ ہیں۔ دہشتگردوں کو کسی بھی صورت پنجاب میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پنجاب پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ علاقے میں پولیس، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں