کراچی: بجلی کے بعد واٹر بورڈ کے بلوں میں بھی 23 فیصد کا اضافہ

کراچی

کراچی والوں پر بجلی بلوں کے بعد ایک اور بم گرادیا گیا، سیوریج اور پانی کے نرخوں میں مجموعی طور پر 23 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا پانچواں اجلاس گزشتہ روز چیئرمین بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیرِ صدارت ہوا۔ اجلاس میں سیوریج بلوں میں 14 فیصد اور پانی کے نرخوں میں 9 فیصد اضافے کا اعلان ہوا تاہم عوامی ردعمل سے بچنے کے لیے واٹر بورڈ نرخوں میں اضافے کو خفیہ رکھا گیا۔

اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، بورڈ کے اجلاس میں چوتھی بورڈ میٹنگ کے منٹس کی منظوری، بورڈ کے سابقہ فیصلے کی پیشرفت، مالی سال 2024-2025 کے لیے واٹر کارپوریشن کے 46.259 بلین روپے سالانہ بجٹ کی منظوری کی گئی۔

علاوہ ازیں ریٹیل اور بلک صارفین کے لیے واٹر اور سیوریج چارجز کی تجویز کردہ شرح کی منظوری، واٹر کارپوریشن ریگیولیشنز 2024 میں زیر زمین نکالنے سمیت اس کے استعمال اور انتظام میں ترمیم کی منظوری، 65 ایم جی ڈی اضافی واٹر سپلائی کے تحت ہائی پوائنٹ فور بے فیز ون کو ختم کرنے کے حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔

اجلاس کے دوران اراکینِ بورڈ نے واٹر کارپوریشن کو ایکٹ میں دیے گئے بورڈ کے افعال اور اختیارات کے مطابق کراچی کی عوام کو مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن کی آمدنی مزید بڑھانے پر زور دیا۔


متعلقہ خبریں