نئی دہلی: بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے بعد برطانیہ نے بھی شیخ حسینہ واجد کو سیاسی پناہ دینے سے معذرت کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کی مستعفی ہو کر بھارت جانے والی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا۔ برطانیہ نے بھی شیخ حسینہ واجد کو سیاسی پناہ دینے سے انکار کر دیا۔
شیخ حسینہ واجد کا بھارت پہنچنے کے بعد اگلا پڑاؤ لندن تھا۔ جہاں وہ ممکنہ طور پر سیاسی پناہ کی درخواست دیتیں یا پھر فن لینڈ ان کی اگلی منزل ہوتی۔
خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک شیخ حسینہ واجد بھارت میں کسی محفوظ مقام پر مقیم رہیں گی اور انہیں جلد برطانوی ویزہ مل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بنگلا دیشی وزیر خارجہ سمیت 2سابق وزرا بھارت فرار ہوتے ہوئے ایئرپورٹ سے گرفتار
اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نومنتخب برطانوی وزیر اعظم نے ملکی پالیسی کے باعث برطانیہ پہنچ کر سیاست پناہ دینے سے معذرت کر لی۔
خیال رہے نئی پالیسی کے تحت سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو برطانیہ کے بجائے پہلے کسی دوسرے ملک میں عارضی قیام کرنا ہوتا ہے۔ جہاں اس کے چال چلن اور پناہ کے مقاصد سے اندازہ لگایا جاتا ہے اور پھر سیاسی پناہ دی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے برطانیہ نے فی الوقت حسینہ واجد کو سیاسی پناہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔