عمران خان کو میانوالی سے انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی

عمران خان کو میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ایپلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے میانوالی کے حلقہ این اے 95 سے آئندہ عام انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے این اے 95 سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیے تھے جس کے خلاف انہوں نے انتخابی ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔

ایپلٹ ٹریبونل کے سربراہ  جسٹس فیصل زمان تھے۔ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی جانب سے دائر اپیل پران کے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ  نے دلائل دیے ۔

سابق وفاقی وزیرقانون بابراعوان ایڈووکیٹ دوران سماعت شیخ رشید احمد اور شکیل اعوان کیس کے فیصلے کی کاپی بھی ٹریبونل میں جمع کرائی۔

چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل کا مؤقف تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنے مکمل اثاثے ظاہر کیے ہیں اور کچھ چھپایا نہیں ہے۔

عمران خان کے وکیل بابراعوان ایڈووکیٹ کی استدعا تھی  کہ ٹریبونل ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے ۔

ایپلٹ ٹریبونل نے دلائل سننے کے بعد ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قراردیتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو میانوالی کے حلقہ این اے 95 سے انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے آئندہ عام انتخابات میں پانچ حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں