شہباز شریف کل کراچی سے نون لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے


لاہور: مسلم لیگ نون کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف دو روزہ دورے پر پیر 25 جون کو کراچی پہنچیں گے اور کراچی سے مسلم لیگ نون کی مرکزی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، شہباز شریف اپنے حلقہ انتخاب کا بھی  دورہ کریں گے۔

مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) کے دورے کے دوران صنعت کاروں سے ملاقات بھی کریں گے۔

شہبازشریف کے اعزاز میں سابق وفاقی وزیرخزانہ اور مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں شرکت کے علاوہ وہ مقامی ہوٹل میں پارٹی رہنماؤں اور کراچی سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنے حلقہ انتخاب این اے 249 کا دورہ کریں گے اور مختلف مقامات پر انتخابی کارنر میٹنگز سے خطاب کریں گے۔

شہبازشریف اپنے دورہ کراچی کے دوسرے روز ممتاز صنعت کار اور مسلم لیگی رہنما اشتیاق بیگ کی رہائش گاہ پر تاجروں سے ملاقاتوں کے بعد سینئر صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

شہباز شریف منگل کی شام  لیاری کا دورہ کریں گے جس کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 238 میں داود چورنگی پر عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں