10 مئی کو یوم استحکام پاکستان منانے کا اعلان

Istehkame Pakistan

فیصل آباد: پاکستان علما کونسل نے 10 مئی کو یوم استحکام پاکستان منانے کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے مشورے کے بعد 10 مئی کو یوم استحکام پاکستان کا دن منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ساکھ مضبوط کرنے کی بات کی جائے گی۔ آج سے ایک سال قبل 9 مئی کو جو ہوا ایسا 76 سال میں کبھی نہیں ہوا۔

حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود عدالت سے فیصلے نہیں ہوئے۔ بے گناہ کو بے گناہ قرار دیا جائے اور گناہ گار کو سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر کوئی معافی آئی نہ کچھ کہا گیا بلکہ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کیا گیا۔ جو نوجوان جیلوں میں ہیں ان کو اس انتہا تک پہنچانے والا کون تھا اسے سامنے آنا چاہیئے۔

یہ بھی پڑھیں: 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ تحقیقات ہونی چاہیے کہ فوج اور قوم کے درمیان نفرت پھیلانے والا کون ہے؟ 9 مئی کو قوم اور فوج کو لڑانے کی سازش کی گئی تھی۔ جو مہم فوج کے خلاف چلائی گئی اور جو آج بھی چل رہی ہے ان کے ذمہ دار کون ہیں؟

انہوں نے کہا کہ سیاست ریاست سے بالا تر ہو تو وہ تخریب کاری ہوتی ہے سیاست نہیں ہوتی۔ بڑے بڑے سیاست دان جیلوں میں گئے ہم بھی گئے ہیں مگر کبھی ایسی سیاست نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری

حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان مثبت سمت چل پڑا ہے اور دوست ممالک انویسٹمنٹ کے لیے آگے بڑھ چکے ہیں۔ سیاسی استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیئے اور 9 مئی کے سانحہ پر اگر سزائیں ملیں گی تو پھر ایسا واقعہ نہیں ہو گا۔


متعلقہ خبریں