وزیرِ داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم بڑھا چڑھا کر بتایا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے شہر بھر میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کر رہے ہیں۔
کراچی: چالان جمع نہ کرانے والے شہریوں کی گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم
ضیا لنجار کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن پر واضح کردیا ہے کہ اب ایس ایچ اوز تک بات نہیں رُکے گی۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم بڑھا چڑھا کر بتایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا میں بھی یہ معاملہ گرم ہے مگر یہ زندگی کا کاروبار ہے، کاروبار چلتا ہے تو کرائم بھی ہوجاتے ہیں۔ اسٹریٹ کرائم میں جاں بحق افراد کےاہلخانہ سے دلی ہمدردی ہے۔
صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ یوم علیؓ کے بعد کچے میں باضابطہ آپریشن شروع کررہے ہیں۔ گھوٹکی اور کشمور میں ایک ایک ہزار اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائم بے قابو
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) رہنما خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خالد مقبول ایسی بات نہ کریں جو گھوم پِھر کر انہی پر واپس آئے۔ شہر میں دو ہزار آٹھ سے دو ہزار تیرہ والے حالات نہیں جب بوری بند لاشیں ملتی تھیں۔
خیال رہے کہ صرف رمضان المبارک میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 10 اور رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے افراد کی تعداد 49 ہوگئی ہے۔

