عرفان محسود 100 گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والے پہلے پاکستانی

Irfan Mahsood

لاہور: پاکستان کے مارشل آرٹس کھلاڑی عرفان محسود 8 سال کے دوران 100 گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔

مارشل آرٹس کھلاڑی عرفان محسود نے اٹلی کے مارسیلو فیری کا ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈز کی سنچری مکمل کی۔ اٹلی کے مارسیلو نے پاؤں کے انگلی سے 56 کلو وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا تاہم عرفان محسود نے پاؤں کی انگلی سے 63 کلو وزن اٹھا کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

پش اپس کیٹیگری میں عرفان محسود عالمی سطح پر سب زیادہ 46 ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں اور انہوں نے 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 31 ریکارڈز بھی بنائے ہیں جن میں 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بنائے گئے ریکارڈز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وقار یونس کے بھائی نے قومی ویمنز ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض سے منگنی کرلی

اسٹیپ اپس، پش اپس، جمپنگ جیکس، اسٹرائیکس، ایلبو اسٹرائیکس، ہائی جمپ، اسٹار جمپس میں ورلڈ ریکارڈز بنانے والے پاکستانی مارشل آرٹس کھلاڑی عرفان محسود نے کہا کہ وہ اب تک 16 ممالک کے ورلڈ ریکارڈز توڑ چکے ہیں جن میں امریکہ، برطانیہ، بھارت، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عرفان محسود کے 16 شاگرد بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز بنانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں