2024 گرم ترین سال ہو سکتا ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ


نیویارک: اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ سال 2024 گرم ترین سال ثابت ہو سکتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے اپنی ایک رپورٹ میں خبردار کیا کہ گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات ناکافی ہیں اور اسی وجہ سے سال 2024 گرم ترین سال ثابت ہو سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2023 میں گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج، زمینی اور سمندری درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ سطح پر رہا اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار میں بھی تاریخی اضافہ ہوا۔

مارچ 2023 سے فروری 2024 کے درمیانی عرصے میں، پیرس ایگریمنٹ کے تحت عالمی درجہ حرارت میں اوسط اضافے کا طے شدہ ہدف 1.5 ڈگری سیلسیئس حاصل نہیں کیا جاسکا اور اس عرصے کے دوران عالمی درجہ حرارت میں 1.56 ڈگری سیلسیئس کی شرح سے اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر کب متوقع؟ مصر کے دارالإفتا نے امکان ظاہر کر دیا

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس نے رپورٹ پر کہا کہ گلوبل کلائمیٹ رپورٹ ظاہر کرتی ہے صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور رکازی ایندھن (فوسل فیول) کے مستقل استعمال سے پھیلنے والی ماحولیاتی آلودگی موسمیاتی تغیرات سے متعلق تشویش میں بے پناہ اضافہ کر رہی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2023 کے دوران 90 فیصد سمندروں پر کم از کم ایک بار ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہوئی جبکہ گلیشیئرز پر برف کی سطح کم ترین لیول پر آگئی اور بحرمنجمد شمالی کی برف بھی تاریخ کی کم ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں