تل ابیب: اسرائیلی فوجیوں نے بھیس بدل کر مغربی کنارے کے ایک اسپتال میں داخل ہو کر 3 فلسطینیوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا لباس پہن کر مغربی کنارے کے ابن سینا اسپتال میں داخل ہو کر فلسطینی نوجوانوں کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوجیوں نے الزام عائد کیا کہ تینوں فلسطینی نوجوانوں کا تعلق حماس کے اس سیل سے تھا جو اسرائیل پر حملے کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔
شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی شناخت محمد، باسل الغزاوی اور محمد جلامنہ کے ناموں سے ہوئی جن کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں کی اسپتال میں داخل ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فوجی اسپتال کے فلور پر ڈاکٹرز اور نرسز کے بھیس میں آتے ہیں اور کوٹ اتار کر اسلحہ نکال لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر نے فوجیوں کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کر دیا
اسرائیلی فوجی اسپتال کے ایک کمرے میں داخل ہو کر بستر پر لیٹے فلسطینی نوجوانوں کو گولیاں مارتے ہیں جبکہ ایک فلسطینی نوجوان کو پکڑ کر فرش پر بٹھاتے ہیں اور بعد ازاں اسے بھی گولیاں مار کر شہید کر دیتے ہیں۔
View this post on Instagram
اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسپتال میں بھیس بدل کر داخل ہونے والے اسرائیل کے اسپیشل سیکیورٹی فورسز کے کمانڈوز تھے جو اسرائیل پر حملوں کے ذمہ دار افراد کو نشانہ بناتے ہیں۔