یوٹیوب نے گیمز کے شوقین افراد کیلئے بھی سہولت فراہم کر دی


یوٹیوب کو جہاں لوگ ویڈیوز اور فلمیں دیکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں وہیں اب گیمز کے شوقین افراد کے لیے بھی سہولت فراہم کر دی گئی۔

دنیا بھر میں مقبول یوٹیوب جس سے لاکھوں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے اب اس پر ویڈیو گیمز کھیلنے کی سہولت بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔ ایسے افراد جو یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھنے کے بجائے گیمز کھیلنا چاہتے تھے ان کی خواہش پوری ہو گئی۔

یوٹیوب پریمیئم کے صارفین مختلف آن لائن گیمز اس ویڈیو شیئرنگ سروس پر کھیل سکتے ہیں۔ پلے ایبلز نامی یہ تجرباتی فیچر سب سے پہلے ستمبر میں محدود افراد کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

یوٹیوب کا یہ فیچر پچھلے چند ہفتوں سے تمام پریمیئم صارفین کے لیے دستیاب ہے اور وہ دل کھول کر یہاں گیم کھیل سکتے ہیں۔

گیمز کھیلنے کے شوقین صارفین کے لیے اس وقت یوٹیوب پر 37 گیمز موجود ہیں جنہیں ڈاؤن لوڈ یا انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ صارفین انہیں موبائل ایپ یا ڈیسک ٹاپ پر ہی کھیل سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گوگل میپس میں ایک اور بہترین فیچر متعارف

یوٹیوب صارفین ان گیمز کی لائبریری کو ایکسپلور ٹیب کے پلے ایبلز سیکشن میں دیکھ سکتے ہیں۔ آغاز میں اس طرح کے فیچرز سے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین مستفید ہوتے ہیں تاہم بعد میں انہیں دیگر افراد کے لیے بھی پیش کر دیا جاتا ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ اس سروس کو استعمال کرنے والے گیمز کھیل کر اپنی ممبر شپ برقرار رکھیں گے تاہم صارفین سبسکرپشن سروس کا حصہ بننے کے لیے شاید تیار نہ ہوں۔


متعلقہ خبریں