پاکستان آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے دورہ امریکا کے دوران امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا کے ارکان سے ملاقات میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کو یواین قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بلاک پالیٹکس پر یقین نہیں رکھتا، تمام دوست ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے پر یقین رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے امریکی تھنک ٹینکس اور میڈیا ارکان سے خصوصی گفتگو کے دوران علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی دہشت گردی پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا، اس ملاقات میں انہوں نے جنوبی ایشیاء میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے پاکستان کا نقطہ نظر بھی اُجاگر کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی کمانڈر جنرل مائیکل ایرک سے ملاقات
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال خدمات اور قربانیاں دی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کی بھرپور حمایت سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان جیو پولیٹکل اور جیو اکنامک نقطہ نظر سے اہم ترین ممالک میں ہے،ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،یکطرفہ اقدام کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف تنازعہ کی نوعیت تبدیل نہیں کرسکتا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی ہمدردی اور خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کے نفاذ کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق دورہ امریکا کے دوران سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ آرمی چیف کی بات چیت بہت مثبت رہی۔