آسٹریلیا: ہوٹل میں ہیر ڈرائر کے استعمال پر لاکھوں روپے جرمانہ


کنبیرا: آسٹریلیا کے ایک ہوٹل میں انتظامیہ نے ہیر ڈرائر استعمال کرنے پر خاتون کو ایک ہزار 400 آسٹریلوی ڈالرز (پاکستانی ڈھائی لاکھ روپے سے زائد) جرمانہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی خاتون نووٹیل پرتھ لینگلے کے ایک ہوٹل میں منسٹری آف ساؤنڈ کا کنسرٹ دیکھنے کے لیے ٹھہری ہوئی تھی۔ نہانے کے بعد خاتون نے بال سکھنانے کے لیے ہیر ڈرائر استعمال کیا۔

خاتون نے جونہی ہیر ڈرائر استعمال کیا تو ہوٹل کے فائر الارم بج گیا۔ جس کے بعد فائر فائٹر نے دروازے پر دستک دے کر خاتون کو خطرے سے خبردار کیا اور کمرے فوراً باہر نکلنے کی ہدایت کی۔

فائر فائٹر خاتون کے باہر آنے کے بعد کمرے میں داخل ہوا تو وہاں کچھ بھی نہیں تھا اور سب نارمل تھا۔ فائر فائٹر نے خاتون سے معلومات لیں تو پتہ چلا کے وہ ہیئر ڈرائر استعمال کر رہی تھیں۔ جس کی وجہ سے فائر الارم بج اٹھا۔

خاتون نے جب ہوٹل کا کمرہ چھوڑا اور بل وصول کیا تو معلوم ہوا کے بل میں ایک ہزار 400 ڈالرز کا جرمانہ بھی موجود ہے اور ہوٹل انتظامیہ نے دریافت کرنے پر بتایا کہ یہ فائر ڈیپارٹمنٹ کے لیے کال آؤٹ فیس تھی۔

خاتون نے ہوٹل انتظامیہ کو بتایا کہ یہ تو آسٹریلیا کے محکمہ فائر بریگیڈ کے چارجز سے کہیں زیادہ ہے اور اسے کم کیا جائے تو ہوٹل انتظامیہ نے جرمانہ کم کرنے سے انکار کر دیا۔

خاتون کی جانب سے اس مسئلے کو سوشل میڈیا پر لایا گیا تو ہوٹل منیجر نے خاتون کو اضافی رقم واپس کر دی۔


متعلقہ خبریں