اسرائیل فلسطین جنگ، روس کا اقوام متحدہ کانفرنس بلانے کا مطالبہ


ماسکو: روس نے اسرائیل فلسطین جنگ کے دیرپا حل کے لیے اقوام متحدہ سے کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے اقوام متحدہ کے سربراہ سے مطالبہ کیا کہ کانفرنس میں عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے نمائندے شامل ہونے چاہئیں۔

انہون نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اسرائیل فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے عالمی کانفرنس منعقد کرنے کا اقدام لازمی کرنا چاہیے اور یقین ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس اقدام کے لیے اہل ہیں۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ میرے نزدیک اسرائیل فلسطین تنازع کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل اراکین کے ساتھ ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی شہریوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جا رہی ہے جبکہ فلسطینی ریاست کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ غزہ کی صورتحال مزید کشیدگی کی طرف جارہی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کی مطالبہ کیا ہے۔


متعلقہ خبریں