سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ہمیشہ کارکنان کو دھوکہ دیا، پرویز خٹک


پشاور: پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چیئرمین اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہمیشہ کارکنان کو دھوکہ دیا۔

سابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف پھٹ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نہ صرف مجھے بلکہ کارکنان کو بھی ہمیشہ دھوکہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ حکومتیں بنانا میری محنت کا نتیجہ ہے لیکن سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر نوجوانوں کو گمراہ کیا جبکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے نعرہ لگایا تھا مزید قرضہ لیا تو میں خودکشی کروں گا انہوں نے خود کشی کا وعدہ کیا اب پورا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: میرے حساب سے نواز شریف الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے، قادر مندوخیل

پرویز خٹک نے کہا کہ سربراہ مسلم لیگ ن اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے بہتر ہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا کو 2 بڑے اسپتال دیئے اور وہ اپنے مقدمات ختم کرنے کے لیے پاکستان آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی گزشتہ حکومت نے تمام ترقیاتی کام بند کیے اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک میں انتشار پھیلایا۔


متعلقہ خبریں