مہنگا پیکیج یا قبل از وقت اعلان ، حج درخواستوں کی وصولی میں 70 فیصد کمی

حج

اسلام آباد (شہزاد پراچہ) مہنگا حج پیکیج یا قبل از وقت اعلان ، وزارت مذہبی امور کو 14 روز میں صرف 28 ہزار درخواستیں موصول ، اسپانسر شپ اسکیم کے تحت صرف 1600 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ شدید مہنگائی مذہبی فریضے حج پر بھی اثر انداز ہوئی ہے اورسرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی توقع سے کم وصولی ہوئی ہے ۔

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اب تک کوٹے کی تقریبآ ایک تہائی درخواستیں جمع ہو سکی ہیں جبکہ حج درخواستوں کی وصولی میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے، اب تک 14 روز میں 28 ہزار درخواستیں جمع ہوسکی ہیں جس کے بعد وزارت کے حکام نے درخواست وصولی کی مدت میں توسیع  پر غور شروع کر دیا۔

حج پالیسی 2024 منظور، قیمت میں ایک لاکھ روپے کی کمی

ذرائع کے مطابق وزارت حج درخواستوں کی وصولی کی مدت ایک ہفتے سے دس روز تک بڑھائی جا سکتی ہے، حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی ہونے کے باوجود فی کس قربانی کے اخراجات سمیت تقریبا 11 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے ، اس وقت سرکاری اسکیم کے تحت مجموعی کوٹہ 89 ہزار 605 ہے ، کم دورانیہ کا حج متعارف کرانے کے باوجود بیرون ملک پاکستانیوں نےعدم دلچسپی ظاہر کی ہے۔

بینک حج درخواستیں ہفتہ اور اتوار کو بھی وصول کریں گے

وزارت نے سرکاری ریگولر حج اسکیم کے تحت تقریبا 65 ہزار اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 25 ہزار کوٹہ مختص کیا ہے، گذشتہ سال وزارتِ مذہبی امور کو 20 ہزار حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کرنا پڑا تھا ، اس وقت تک حج کیلئے گزشتہ برس سے بھی کم درخواستیں جمع ہوئی ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایا کہ  سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات پہلے شروع کر دئیے گئے تھے جس کی وجہ سے وزارت مذہبی امور کو بھی معمول سے پہلے حج اپریشن شروع کرنا پڑا ، حج پر جانے کے خواہشمند افراد کی ابھی تیاری نہیں تھی۔

پرائیویٹ حج کتنا مہنگا؟ اخراجات نے ہوش اڑا دیے

واضح رہے کہ وزارت نے حج درخواستوں کی وصولی کا اعلان 27 نومبر سے 12 دسمبر تک کر رکھا ہے جو کل منگل تک جاری رہے گا جس میں توسیع کے بارے میں کل فیصلہ کیا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں