شیخوپورہ سے اسلام آباد پکنک پر آنے والے اسکول بچوں کی بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک سکول ٹیچر جاں بحق اور بیس کے قریب طلبا زخمی ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولی کلینک اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور نے بس کو سڑک کنارے کھڑا کیا۔ اسی دوران گاڑی آہستہ آہستہ ریورس چلنا شروع ہوگئی اور نیچے جا گری۔ حادثہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث پیش آیا۔ ڈرائیور اور کنڈیکٹر موقع سے فرار ہوگئے۔
بس میں اساتذہ سمیت چون افراد سوار تھے۔ اِن میں تیرہ ٹیچرز ، بائیس طالبات اور انیس طلبا شامل تھے۔ پولی کلینک اور پمز اسپتال میں زخمیوں کی شناخت ہوچکی ہے۔
ترجمان اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق اطلاع موصول ہونے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، پولیس اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ گئے ۔