نیپال نے بھی ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی


نیپالی حکومت نے چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیپال کی حکومت نے ٹک ٹاک پر پابندی اور اسی طرح کے دوسرے پلیٹ فارمز پر قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹک ٹاک کی وجہ سے نوجوان نسل میں نہ صرف غلط رجحان پیدا ہو رہا ہے بلکہ ان پر منفی اثرات بھی پڑھ رہے ہیں۔

نیپالی وزیر مواصلات اور حکومتی ترجمان ریکھا شرما نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں ٹِک ٹاک پر فوری طور پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک پر پابندی تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی قانون سازی کے حوالے سے حکومتی اعلان کے 5 دن بعد سامنے آئی جبکہ اسی کے ساتھ نیپال میں قائم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے دفاتر کو حکومتی شکایات دور کرنے کے لیے 3 ماہ کی مہلت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی فون صارفین تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد بیٹری سے پریشان

حکومتی ترجمان نے بتایا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اور فیس بک سمیت دیگر پلیٹ فارمز سے متعلق فیصلے زیر التوا ہیں جبکہ سوشل میڈیا صارفین کے لیے حکومتی ہدایات میں جعلی شناخت کے استعمال اور ہتک آمیز سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر پابندی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ صارف کی اصل شناخت ظاہر کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں تحقیقات میں تعاون کریں۔


متعلقہ خبریں