اسرائیلی فضائیہ نے پانچویں روز بھی غزہ کے 450 مقامات کو نشانہ بنایا ، جس کے نتیجے میں رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ اسرائیل نے غزہ میں زمینی فوجی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے تین لاکھ ریزرو فوجی غزہ کی سرحد پر جمع کر لئے۔
اسرائیل نے حماس کی القسام بریگیڈ کے سربراہ محمد ضیف کے گھر پر بھی حملہ کیا ، جس میں محمد ضیف کے والد، بھائی، بھتیجے اور پوتی شہید ہو گئے۔ علاوہ ازیں غزہ میں زخمیوں، اسپتالوں اور ایمبولینسوں کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاعات سامنے آ چکی ہیں۔
غزہ پر اسرائیلی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 22 افراد شہید
غزہ پر حملوں کے جواب میں حماس کی القسام بریگیڈ نے اسرائیلی شہر عسقلان پر راکٹ حملہ کیا جسے نتیجے میں 2 اسرائیلی ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ تل ابیب کے بین گورین ائیرپورٹ کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ہلاک 14 فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے ، حماس کے حملے میں اب تک 12 سو سے زائد اسرائیلی ہلاک اور تین ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینیوں پر بمباری کے لیے امریکی اسلحے سے بھرا طیارہ بھی اسرائیل پہنچ گیا ہے،غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ہتھیار جنوبی اسرائیل کے ایک ایئر بیس پر پہنچائے گئے تاہم ان کی اقسام کے حوالے سے فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔