لاہور: شاہدرہ کے قریب ریلوے ٹریک کے پل کا پلر گرنے سے لاہور سے فیصل آباد ٹرین سروس معطل ہو گئی۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ اور مسن کالر کے درمیان ریلوے برج کا پلر گر گیا جس کی وجہ سے فیصل آباد سے لاہور ٹرین سروس کا ٹریک متاثر ہوا ہے۔
ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث لاہور سے کندیاں کے درمیان چلنے والی ماڑی ایکسپرس جبکہ فیصل آباد سے لاہور کے درمیان چلنے والی بدر اور غوری ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا۔
ٹریک بند ہونے کے باعث کراچی سے لاہور کے درمیان چلنے والی قراقرم ایکسپریس کو ساہیوال کے راستے روانہ کیا گیا اور اسی طرح، شالیمار ایکسپریس، میانوالی ایکسپریس کے راستے بھی تبدیل کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مردان کے علاقے کاٹلنگ میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ، دہشتگرد گروہ کا سرغنہ ہلاک
ترجمان ریلوے کے مطابق ریلوے عملہ پلر گرتے وقت معائنے پر موجود تھا اور عملے کی بروقت اطلاع پر ٹرین آپریشن فوری طور پر روک دیا گیا جبکہ پل کی بحالی کا کام فوری شروع کر دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ پل پر ٹریفک 72 گھنٹے میں بحال کر دی جائے گی۔