چین: 70 سے زائد مگرمچھ فارم سے فرار ہو گئے


بیجنگ: جنوبی چین میں طوفانی بارشوں کے دوران 70 سے زائد مگرمچھ فارم سے فرار ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی چین میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی جس کے باعث متعدد افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہو گئے۔ طوفانی بارشوں کے دوران چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر ماؤمنگ میں 70 سے زائد مگرمچھ ایک فارم سے نکل کر شہر میں پھیل گئے۔

مگرمچھوں کے شہر بھر میں موجودگی کے باعث پولیس نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کر دی تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ فرار ہونے والے مگرمچھوں میں چھوٹے بڑے شامل ہیں جن میں سے کچھ مگرمچھ پکڑے جا چکے ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ علاقے میں ایک گہری جھیل ہونے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

مقامی پولیس کے مطابق کہیں سے بھی مگرمچھوں کی جانب سے کسی کو نقصان پہنچانے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں