سعودی ولی عہد اور بھارتی وزیراعظم کے 50 مشترکہ معاہدے


نئی دہلی: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دوطرفہ تعاون کے متعدد مشترکہ معاہدوں اور سمجھوتوں پر دستخط کر دیئے۔

جی 20 سربراہ اجلاس کے اختتام کے بعد نئی دہلی میں سعودی ولی عہد کے لیے باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، نریندر مودی اور شہزادہ محمد بن سلمان کی موجودگی میں دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان دوطرفہ تعاون کے کم سے کم 50 معاہدے اور سمجھوتے طے پائے۔

معاہدوں میں سعودی عرب کی وزارت سرمایہ کاری اور بھارت کی قومی ایجنسی برائے فروغ سرمایہ کاری اور سہولت کے درمیان طے پانے والے متعدد معاہدے شامل ہیں۔ان میں توانائی، پیٹرو کیمیکل، قابلِ تجدید توانائی، زراعت اور صنعت کے علاوہ سماجی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے معاہدے شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، امریکی صدر کی مودی کو تنبیہ

بھارت کی وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے سرکاری صفحے پر کہا کہ نریندر مودی اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے اپنے وفود کے ساتھ سعودی، بھارت تزویراتی شراکت داری کونسل کے پہلے اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں توانائی کی سلامتی، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی، صحت کی دیکھ بھال، غذائی تحفظ، ثقافت اور معاشرتی فلاح وبہبود کے امور سمیت دو طرفہ تعاون کے وسیع شعبے شامل تھے۔


متعلقہ خبریں