سنیل گواسکر اور ہربھجن سنگھ کولمبو میں میچز کرانے پر برس پڑے


سابق بھارتی کرکٹرز سنیل گواسکر اور ہربھجن سنگھ ایشیا کپ کولمبو میں کرانے پر برس پڑے۔

بھارتی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سنیل گواسکر نے کہا کہ اس بات کی حقیقت جاننا بہت ضروری ہے کہ میچز ہمبنٹوٹا کیوں شفٹ نہیں ہوئے۔

ان کا کہنا تھاکہ بظاہر یہ تاثر دیا گیا ہے کہ پلیئرز ہمبنٹوٹا نہیں جانا چاہتے تھے، اب صرف امید ہی کر سکتے ہیں کہ میچز بارش سے متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ پتا لگانا ہوگا کہ خراب موسم کے باوجود کولمبو میں ہی میچز کیوں رکھے گئے، پلیئرز کا سکون اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ کھلاڑی کرکٹ کھیلیں۔

سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں ہر کوئی ورلڈ کپ سے قبل اپنا کامبی نیشن دیکھ سکتا ہے، پلیئرز کو بھی سمجھنا ہوگا کہ اگر ایک دو روز زیادہ سہولیات والی جگہ نہیں تو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

ایشیا کپ: پاک بھارت ٹاکرا، ریزروو ڈے پر بھی شدید بارش کی پیش گوئی

سنیل گواسکر نے کہا کہ کھلاڑی میچ کے لیے پورا ماہ تیاری کرتے ہیں، اگر دو روز کم وسائل سے ٹریننگ کرنا پڑی تو کیا ہوا؟اس موقع پر بات کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ہمارے وقت میں وینیو پر پلیئرز کی رائے نہیں ہوتی تھی، جہاں میچ ہو وہاں ہم کھیلتے تھے۔

ہربھجن سنگھ کا کہنا تھا کہ وینیو کیا ہوگا یہ پلیئرز کا مسئلہ ہونا بھی نہیں چاہیے، یہ آفیشلز کا کام ہے کہ وہ دیکھیں کہ کہاں میچز ہوسکتے ہیں۔ہربھجن سنگھ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کولمبو میں اب صرف ٹیموں کے درمیان سوئمنگ کا مقابلہ ہوگا۔

دمبولا ایک مکمل انٹرنیشنل اسٹیڈیم ہے، پتا نہیں وہاں میچز کیوں نہیں کرائے جارہے۔سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ اگر میں ہوتا تو کولمبو میں سورج نکلنے کا انتظار کرنے کی بجائے دوسری جگہ کرکٹ کھیل لیتا، میچ کے لیے ٹریننگ کی سہولیات کے فقدان کا بہانہ غیر منطقی ہے۔


متعلقہ خبریں