خواتین کی خوبصورتی کی حفاظت کا قانون قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی منظور ہو گیا۔ جعلی کاسمیٹکس بنانے پر 3 سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو گی۔
پاکستان جنرل کاسمیٹکس بل 2023 کے مطابق جعلی میک اپ مصنوعات کینسر، الرجی اور جلدی امراض کا سبب بنتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان جنرل کاسمیٹکس اتھارٹی قائم کی جائے گی ۔
بل کے تحت میک اپ کے سامان کی درآمد و برآمد، تیاری اور خرید وفروخت کو منظم کرنے کیساتھ کاسمیٹکس کے معیار، لیبلنگ، پیکنگ، مینوفیکچرنگ، اسٹوریج، تقسیم اور فروخت کو ریگولیٹ کیا جائے گا۔
پنجاب: جعلی کاسمیٹکس تیار کرنیوالوں پر بھاری جرمانوں کا فیصلہ
جعلی مصنوعات بنانے پر سخت کارروائی کی جائے گی، مشینری ضبط اور جعلسازی کے مقام کو سیل کردیا جائے گا۔ بل کے مطابق عالمی کاسمیٹک مارکیٹ کا حجم 341 ارب ڈالر ہے ۔
بل کے مطابق قانون سازی کا مقصد کاسمیٹکس انڈسٹری کی ترقی، صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانا اور قومی معیشت میں کاسمیٹکس صنعت کی شراکت کو بڑھانا ہے۔
پاکستان جنرل کاسمیٹکس ریگولیٹری اتھارٹی کا صدر دفتر اسلام آباد میں ہوگا۔ اتھارٹی وزارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے انتظامی کنٹرول کے تحت خود مختار ادارہ ہو گی۔
اتھارٹی مالی سال کے اختتام کے تین ماہ کے اندر وزیراعظم کو سالانہ رپورٹ پیش کرے گی۔