پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر ڈھائی ماہ بعد رہا


ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر ڈوگر کو ڈھائی ماہ بعد رہا کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈھائی ماہ جیل کاٹ کر واپس آیا ہوں اور اللہ کا شکر ہے کہ میں سرخرو ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جیل انسان کو مضبوط بناتی ہے اور میں اپنی پارٹی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں، انشاء اللہ حق اور سچ کی فتح ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: اصل حقائق سامنے آ رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان

عامر ڈوگر نے کہا کہ 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کو کوئی بھی اچھا نہیں کہہ رہا اور جلاؤ گھیراؤ نہیں ہونا چاہیے۔ میں 9 مئی اور جیل یاترا کے حوالے سے کتاب لکھ رہا ہوں، جیل ایک آزمائش کا نام ہے۔

انہوں ںے کہا کہ عام انتخابات کا کچھ دنوں تک اعلان ہو جائے گا اور سپہ سالار ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کے لیے صاف انتخابات کا انعقاد کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کے 137 علمائے کرام، ذاکرین کی تقاریر اور سفر پر پابندی عائد

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ایوب خان دور سے ملک میں پارٹیاں بنتی رہی ہیں تاہم پاکستانی عوام انتخابات میں حق اور سچ کا ساتھ دیں گے۔ پارٹیوں پر سختیاں آتی رہتی ہیں اور یہ پارٹی کو مضبوط کرنے کا وقت ہے، یہ وقت گزر جائے گا۔

انہوں ںے کہا کہ تحریک انصاف کا مستقبل بہت روشن دیکھ رہا ہوں اور اگر مجھے دوبارہ گرفتار کر لیں گے تو پھر حاضر ہوں۔


متعلقہ خبریں