کراچی دنیا کا پانچواں بدترین شہر قرار

فائل فوٹو


کراچی کو دنیا میں رہائش کے اعتبار سے پانچواں بدترین شہر قرار دے دیا گیا۔

غیر ملکی جریدے کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو دنیا میں رہائش کے اعتبار سے پانچواں بدترین شہر قرار دیا گیا ہے۔

دی اکانومسٹ کے اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کے گلوبل لیوایبلٹی انڈیکس 2023 میں 173 شہروں میں کراچی کا نمبر 169 ہے اور اس سے نیچے صرف لاگوس، الجزائر، تریپولی اور دمشق ہیں۔

پاکستان کی طرف سے صرف کراچی ہی اس فہرست میں شامل ہے اور یہ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔

کراچی کی ای آئی یو انڈیکس پر تاریخ زیادہ اچھی نہیں۔ 2019 میں انڈیکس کے 140 شہروں میں اس کا نمبر 136 تھا جبکہ 2020 میں کوئی رپورٹ شائع نہیں ہوئی۔ 2022 میں 140 شہروں میں سے کراچی کا 134 واں نمبر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام

یہ انڈیکس دنیا بھر کے شہروں کی کورونا کے بعد کی بحالی پر توجہ مرکوز کرتا ہے، اور پانچ انڈیکٹرز کی بنیاد پر زندگی کے حالات کی ریٹنگ کرتا ہے، ان میں استحکام، نظام صحت، کلچر، ماحولیات، تعلیم اور انفراسٹکچر شامل ہیں۔

شہروں میں رہنے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سے 100 تک کا اسکور دیا جاتا ہے۔ ایک کو ناقابل برداشت سمجھا جاتا ہے اور 100 کو مثالی سمجھا جاتا ہے۔ کراچی کا 100 میں سے مجموعی اسکور 42.5 ہے جو ایک مثالی اسکور سے کم ہے۔ کراچی کو سب سے کم 20 نمبر استحکام کے حوالے سے ملے ہیں جبکہ 2022 میں بھی یہی اسکور تھا اور اس کا مطلب ہے کہ ایک سال میں حالات کچھ زیادہ نہیں بدلے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو نظام صحت کے حوالے سے 50، کلچر اور ماحولیات پر 38.7، تعلیم پر 75 اور انفراسٹکچر پر 51.8 اسکور ملا ہے۔

انڈیکس میں سب سے اوپر زیادہ تر مغربی یورپ اور کینیڈا کے شہر ہیں۔ آسٹریا کے دارالحکومت ویانا نے مسلسل دوسرے برس پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس نے 5 میں سے 4 انڈیکٹرز میں پورے 100 نمبر لیے ہیں۔


متعلقہ خبریں