وزیر اعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے طویل ملاقات


وزیر اعظم شہباز شریف دورہ فرانس مکمل کرنے کے بعد برطانیہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے فرانس کا دو روزہ دورہ کیا جہاں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

لوٹن ائیر پورٹ پہنچنے پر ہائی کمشنر معظم خان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، شہباز شریف لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے طویل ملاقات کی، یہ ملاقات اڑھائی گھنٹے جاری رہی۔

ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا علاج ہو رہا ہے اور الحمد اللہ وہ ٹھیک ہیں، ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا اتوارکی صبح لندن سے دبئی پہنچنے کا امکان ہے، وہ تین سے چار دن وہاں قیام کرنے کے بعد حج کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب بھی جائیں گے۔

دعا کریں جلد آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پائیں، شہباز شریف

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے حوالے سے کانفرنس میں منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف سے ملاقات خوش گوار رہی، انہیں بتایا کہ پاکستان نے تمام شرائط پوری کردی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کا پروگرام آئی ایم ایف کے بورڈ میں جا کر منظور ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی قیادت اسحاق ڈار کریں گے۔

دوسری جانب مریم نواز جاتی امرا سے لاہور ایئر پورٹ کے لئے روانہ ہو چکی ہیں، خاندانی ذرائع کے مطابق وہ لاہور سے دبئی جائیں گی، وہ فیملی ممبران کے ساتھ فریضہ حج کے لئے سعودی عرب جائیں گی۔


متعلقہ خبریں