کتوں کو خواب میں جگانا خطرناک ہو سکتا ہے، ماہر نفسیات


کیا آپ جانتے ہیں کہ پالتو کتے بھی سونے کے دوران خواب دیکھتے ہیں لیکن کیا خواب دیکھتے ہیں اس کا جواب ہارورڈ میڈیکل اسکول کی ایک ماہر نفسیات نے ڈھونڈ نکالا ہے۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کی کلینیکل اور ارتقائی ماہر نفسیات ڈاکٹر ڈیرڈری بیرٹ نے ایک مطالعہ شائع کیا ہے جس میں انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ کہ کتے خواب میں کیا دیکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کتے بھی انسانوں کی طرح ممکنہ طور پر اپنے روزمرہ کے تجربات کے بارے میں خواب دیکھتے ہیں، انسان انہی چیزوں کے بارے میں خواب دیکھتے ہیں جو وہ دن بھر تجربہ کرچکے ہوں اور یہ سوچنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ جانور اس معاملے میں انسانوں سے مختلف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چونکہ کتے عام طور پر اپنے مالکان سے بہت زیادہ قربت رکھتے ہیں، اس لیے یہ ممکن ہے کہ کتا آپ کے چہرے، آپ کی بو اور آپ سے کھیلنے یا آپ کو تنگ کرنے کے بارے میں خواب دیکھ رہا ہو۔

ماہر نفسیات نے کہا اگرچہ یہ یقینی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ کتا کیا خواب دیکھ رہا ہے لیکن چند علامات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے جیسے اگر وہ دوڑنے کا خواب دیکھ رہے ہوں گے تو ان کے پنجے یا ٹانگیں مڑنا شروع ہو جائیں گی یا پھر کسی دوسرے کتے یا انسان کے ساتھ بات چیت کررہے ہوں گے تو نیند میں ہی بھونکنا شروع کردیں گے۔

جب ڈراؤنے خوابوں کی بات آتی ہے تو انسانوں کی طرح ہی کتے بھی ڈراؤنے خواب دیکھ سکتے ہیں۔پالتو کتوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے والے امریکی ادارہ امریکن کینل کلب مالکان کو تجویز دیتے ہوئے کہتا ہے کہ سوتے ہوئے کتوں کو نہ جگائیں کیونکہ اگر وہ خوفناک خواب دیکھ رہے تھے تو اس کے اثر کی وجہ سے وہ آپ پر حملہ کرسکتے ہیں۔

ادارے کی طرف سے کہا گیا کہ بظاہر کتے کو جگا کر تسلی دینا آپ کے نزدیک زیادہ سودمند ہو لیکن اس سے خطرات منسلک ہیں کیونکہ یہی حالت بعض انسانوں کو بھی پیش آتی ہے کہ جب خوفناک خواب سے جگائے جاتے ہیں تو کچھ ساعتوں تک انہیں سمجھنے میں دیر لگتی ہے کہ کہاں اور کس کے ساتھ ہیں۔


متعلقہ خبریں