مسجد الحرام کا فرش کیسے ٹھنڈا رہتا ہے ؟


جدہ: مسجد الحرام کا فرش شدید گرمی کے باوجود ٹھنڈا کیسے رہتا ہے ؟

مکہ مکرمہ میں شدید گرمی کے باوجود مسجد الحرام کا فرش ٹھنڈا رہتا ہے اور بیشتر زائرین اس کی حقیقت نہیں جانتے۔ اس لیے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ زیر زمین ایئرکنڈیشن سسٹم نصب ہے جو اسے ٹھنڈا رکھتا ہے تاہم حقیقت میں ایسا نہیں ہے۔

سعودی عرب کے شاہ خالد بن عبدالعزیز نے تقریباً 48 برس قبل مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے کام کی تکمیل کا حکم جاری کیا تھا اور ان کے عہد میں ہی مطاف میں توسیع کی گئی تھی جبکہ فرش تاسوس کے سنگ مرمر سے تیار کیا گیا تھا، جس سے دوپہر کے وقت طواف کرنے اور نماز ادا کرنے والوں کو سکون ملا۔

واضح رہے کہ شدید گرمی کے باوجود مسجد الحرام کا فرش انتہائی ٹھنڈا رہتا ہے، شدید دھوپ میں بھی مسجد الحرام کا فرش گرم نہیں ہوتا۔

حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے ٹائلز میں ٹھنڈک کی خاصیت کی بڑی وجہ فرش میں استعمال ہونے والا خاص قسم کا سنگ مرمر ہے، جسے یونان کے جزیرے تاسوس سے درآمد کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گوشت فراہم کرنے والی اے ٹی ایم مشینیں

رپورٹ کے مطابق منفرد قسم کے اس سنگ مرمر کی موٹائی تقریباً 2 انچ ہے اور یہ رات کے وقت رطوبت جذب کرنے کی خاصیت رکھتا ہے جبکہ رات میں جذب کی گئی رطوبت دن کے وقت خارج کرتا ہے جس کی وجہ سے فرش ٹھنڈا رہتا ہے۔

سعودی عرب کئی عشروں سے یونانی جزیرے تاسوس سے سنگ مرمر درآمد کر رہا ہے اور یہ نایاب قسم کا پتھر یونان کے ایک پہاڑ سے نکالا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں