الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچایا، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہے،الیکشن کمیشن نے معاشی، سیاسی اورسیکیورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 218کے تحت الیکشن کمیشن کوصاف وشفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔

آرٹیکل 224کا تقاضا ہے کہ الیکشن کے وقت وفاق اور صوبائی اکائیوں میں نگران حکومتیں قائم ہوں، ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے ملک میں سیاسی استحکام کی ضمانت ملے گی،تحفظات تھے کہ ایک آدمی کی انا کی وجہ سے 2صوبوں پر زبردستی الیکشن مسلط کیا جا رہا ہے۔

دو صوبوں میں پہلے انتخابات ہونے کی وجہ سے جب قومی اسمبلی کا الیکشن ہوگا تو 2صوبوں میں حکومتیں قائم ہوں گی،30اپریل کو 2 صوبوں میں الیکشن ہوتے تو ہمیشہ کیلئے متنازعہ ہوجاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن 30 اپریل کو ہوتے تو پنجاب اور خیرپختونخوا میں 6 ماہ پہلے اسمبلیاں ختم ہو جاتیں، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچا لیا ہے۔


متعلقہ خبریں