اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق مہنگائی کے پیش نظر وزیر اعظم نے خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو سابق حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پیسا لیکن ہم نے انہیں ریلیف دینا ہے۔
وزیر اعظم نے نوجوانوں کے لیے بھی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور وزیر اعظم نے نوجوانوں کو روزگار فراہمی پیکج کی تیاری کے لیے وزارتوں کو ٹاسک دے دیا ہے۔
وزیر اعظم نے وزرا کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پیکج کے لیے اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پہلے مشرف اور پھر جنرل باجوہ نے این آر او دیا، عمران خان
شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں منعقدہ اہم اجلاس میں وزراء کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی، مایوسی اور نفرت سے بچا کر نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی طرف لانا ہے۔
وزیر اعظم نے گیس اور بجلی کے بلوں میں بھی ریلیف کے اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات اپنی جگہ لیکن عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔
شہباز شریف نے پیکج کی تیاری کے لیے وسائل کی فراہمی اور ایڈجسٹمنٹ کے لیے وزیر خزانہ کو خصوصی ہدایت دی۔